’آصف زرداری نے ن لیگ کو فوج یاد کرا دی ‘فواد چوہدری کا ن لیگ پر طنزیہ وار

اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ن لیگ کی جانب سے انتخابی مواد پاک فوج کی نگرانی میں محفوظ کرنے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں ریکارڈ فوج کی نگرانی میں رکھا جائے،آصف زرداری نے ن لیگ کو فوج یاد کرا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹر میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےنجی ٹیلی ویژن چینل کی خبر کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مفتاح اسماعیل نے انتخابی ریکارڈ فوج کی نگرانی میں محفوظ رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا اسی لئے ہم کہتے ہیں کہ سوچ کر بولو اور بولنے سے پہلے سو بار تولو۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کا احترام ضروری اس لئے بھی ہےکہ اداروں کے بغیر نظام قائم نہیں رہا کرتے اور ملکوں کو اداروں کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے ن لیگ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے ن لیگ کو فوج یاد کرا دی ہے۔ واضح رہے کہ این اے 249 انتخابات میں شکست کھانے والے لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سربمرہر بیلٹ پیپرز سمیت تمام ریکارڈ تحویل میں لیا جائے۔انہوں نے انتخابی مواد پاک فوج کی نگرانی میں محفوظ رکھنے کا مطالبہ کیا۔مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو ہنگامی کارروائی کیلئے درخواست کر تے ہوئے کہاہے کہ انتخابی مواد درخواست پر حتمی فیصلہ ہونے تک رینجرز یاپاک آرمی کی نگرانی میں کسی محفوظ مقام پر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ گنتی کی میری درخواست پر فوری کارروائی اورحتمی نتائج جاری نہ کرنے کے الیکشن کمیشن کے حکم امتناعی پر شکریہ ادا کرتے ہیں،یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ پولنگ عملہ اور پریذائیڈنگ افسران کی اکثریت کا تعلق سندھ حکومت سے تھا ،اس عملے نے سندھ کی حکمران جماعت کا ساتھ دیا جیسا کہ انتخاب میں حصہ لینے والی ہر جماعت اور امیدوار نے شکایت کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں بیلٹ پیپرز کی حفاظت سے متعلق شدید خدشہ ہے، یہ سندھ پولیس کی تحویل میں ہیں جو سندھ حکومت کا ہی ایک ذیلی محکمہ ہے،بیلٹ پیپرز،کائونٹر فائلز، انتخابی فہرستوں کی نشان زدہ نقول، بیلٹ پیپراکاونٹس میں ردوبدل کئے جانے کاخدشہ ہے۔

close