فوج پر انتخابات میں مداخلت کا الزام لگانے والی ن لیگ فوج پر اعتماد کرنے لگی، پاک فوج سے این اے 249کا انتخابی مواد اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ کر دیا

کراچی (پی این آئی)الیکشن کمیشن سربمربیلٹ پیپرز سمیت تمام ریکارڈ اپنی تحویل میں لے، ن لیگ کا انتخابی مواد پاک فوج کی نگرانی میں محفوظ رکھنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی این اے 249 ضمنی انتخابات میں شکست کھانے والے لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سربمر بیلٹ پیپر سمیت دیگر تمام سامان تحویل میں لیا جائے۔مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو ہنگامی کارروائی کیلئے درخواست کر تے ہوئے کہاہے کہ انتخابی مواد درخواست پر حتمی فیصلہ ہونے تک رینجرز یاپاک آرمی کی نگرانی میں کسی محفوظ مقام پر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ گنتی کی میری درخواست پر فوری کارروائی اورحتمی نتائج جاری نہ کرنے کے الیکشن کمیشن کے حکم امتناعی پر شکریہ ادا کرتے ہیں،یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ پولنگ عملہ اور پریذائیڈنگ افسران کی اکثریت کا تعلق سندھ حکومت سے تھا ،اس عملے نے سندھ کی حکمران جماعت کا ساتھ دیا جیسا کہ انتخاب میں حصہ لینے والی ہر جماعت اور امیدوار نے شکایت کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں بیلٹ پیپرز کی حفاظت سے متعلق شدید خدشہ ہے، یہ سندھ پولیس کی تحویل میں ہیں جو سندھ حکومت کا ہی ایک ذیلی محکمہ ہے،بیلٹ پیپرز،کائونٹر فائلز، انتخابی فہرستوں کی نشان زدہ نقول، بیلٹ پیپراکاونٹس میں ردوبدل کئے جانے کاخدشہ ہے۔دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ووٹوں کے تھیلے اپنے قبضے میں لے اور یقینی بنائے کہ یہ تھیلے سیلڈ ہوں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی ریکارڈ فوری اپنے قبضے میں لے تاکہ اس میں کوئی ردو بدل نہ ہو سکے کیونکہ شک ہے کہ الیکشن کمیشن نے یہ ریکارڈ اپنے قبضے میں نہ لیا تو اس کے ساتھ کوئی گڑ بڑ ہو سکتی ہے۔خیال رہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے نتائج روک دیے گئے ہیں اور دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حلقے میں پیپلزپارٹی کا امیدوار پہلے اور ن لیگ کا دوسرے نمبر پر ہے۔

close