پی آئی اے کے منافع بخش بین الاقوامی روٹس کو حریفوں کے حوالے کرنے کا دعویٰ کر دیا گیا

اسلام آباد( آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے منافع بخش بین الاقوامی روٹس کو حریفوں کے حوالے کر دیا گیا،اب تباہی سرکار کہہ رہی کہ ملازمین ہی ادارے کا اصل مسئلہ ہیں، تباہی سرکار روزگار دینے کے بجائے کورونا میں ملازمین کو نکال رہی ہے۔بدھ کواپنے ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت نے پائلٹس لائسنس معاملے کو متنازعہ بنا کر پی آئی اے کو کریش کردیا،حکومت نے پی آئی اے کے اثاثوں کو دوست احباب کی کمپنیوں کے ذریعہ بیرون ملک فروخت کیا، اب یہ پی آئی اے کو نئے کاروباری منصوبے کے ذریعے ناکارہ بنا رہے ہیں، پی آئی اے کے منافع بخش بین الاقوامی روٹس کو حریفوں کے حوالے کر دیا گیا،اب تباہی سرکار کہہ رہی کہ ملازمین ہی ادارے کا اصل مسئلہ ہیں،جبکہ اس سب کے پیچھے حکومت کی نااہلی اور ہوائی جہاز کی کمی ہے، سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں دعوی کرکے گمراہ کیا کہ پی آئی اے کے نقصانات کو کم کیا گیا ہے،پارلیمنٹ نے اب تک پی آئی اے کا یہ انوکھا کاروباری منصوبہ نہیں دیکھا ہے،پی آئی اے کی سیکیورٹی، لائسنس اور حادثے کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی میں سول ایوی ایشن اور وزیر میں اختلاف نظر آیا، اتنے بڑے واقعات کے بعد بھی سول ایوی ایشن اور وزیر کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، ہم لائسنس گیٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں،نقصانات میں اعلان کردہ کمی کا کیا ہوا اس کے جوابات بھی چاہتے ہیں، تباہی سرکار روزگار دینے کے بجائے کورونا میں ملازمین کو نکال رہی ہے۔۔۔۔

close