اسلام آباد (پی این آئی) این سی اوسی نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر17 مئی تک پابندی عائد کردی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن ہفتہ اوراتوار مکمل بند ہوگی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی کا فیصلہ صوبوں کی تجویز پر کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور این اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ این سی اوسی میں بتایا گیا کہ سائینو فورم کی 5 لاکھ ڈوزز آج پاکستان پہنچ جائیں گی۔ پی اے ایف کے خصوصی طیارے سے سائینو فورم کی ڈوزز آئیں گی۔ کورونا کے پھیلاؤ والے شہروں میں لاک ڈاؤن کی تجاویز پرغور کیا گیا۔کورونا کیسز کے زیادہ شرح والے شہروں میں حالات بدستور برقرار رہے اور ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو لاک ڈاوَن لگایا جاسکتا ہے۔لاک ڈاون کا فیصلہ تمام فریقین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ مارکیٹوں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی ادارے مکمل بند کرنے کی تجاویز ہیں۔ ایس اوپیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے صوبائی حکومتوں کی درخواست پر فوج ، ایف سی اور رینجرز کے ذریعے مدد فراہم ہوگی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر17 مئی تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔بین الصوبائی ٹرانسپورٹ17مئی تک ہفتے میں 2 دن ہفتہ اوراتوار کو بند ہوگی۔ 60 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو واک ان ویکسی نیشن کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں آکسیجن کی سپلائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کیسز میں اضافے کے پیش نظر6 ہزار901 بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔آکسیجن سپلائی کی بھی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ ہسپتالوں کو 2 ہزار811 آکسیجن بیڈز، 431 وینٹی لیٹرز اور ایک ہزار196آکسیجن سلنڈر بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں