کورونا کیسز کی تعداد حد سے تجاوز کر گئی، اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال میں کورونا مریضوں کی گنجائش ختم ہوگئی

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں قائم کورونا وارڈز میں مریضوں کی گنجائش ختم ہوگئی ہے۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق پمز ہسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے بعد ہسپتال پر دباوبڑھ گیا ہے، کورونا مریض داخلے کے لیے ایمرجنسی رومز میں انتظار کررہے ہیں جب کہ مریضوں میں اضافے کے باعث پمز ہسپتال میں آکسیجن پریشر میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔خط کے متن کے مطابق آکسیجن کا پریشر برقرار رکھنے کے لیے آپریشن ملتوی کردیے گئے ہیں۔ آکسیجن پریشربرقرار رکھ سکنے والے آئی سی یو میں کورونا مریض منتقل کیے جائیں گے۔خط میں اپیل کی گئی ہے کہ وزرات قومی صحت اسلام آباد کی دیگر طبی سہولتوں کو مضبوط کرے، کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے دیگر طبی مراکز میں سہولتیں بڑھائی جائیں۔ہم نیوز کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اس وقت ہسپتال میں نو کورونا مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جب کہ کورونا وارڈ میں داخل مریضوں کی تعداد 150 ہے۔ ہسپتال ایمرجنسی میں 30 مریض بیڈز کے انتظار میں ہیں جب کہ مریضوں کی اکثریت ہائی فلو آکسیجن پر ہے۔

close