پاکستان کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ نئے انتخابات ہیں، بڑا دعویٰ کر دیا گیا

ناروال(پی این آئی) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2018ء میں ایک شخص کو ہر بیماری کا علاج سمجھ کر حکومت میں لایا گیا اوروہی شخص پاکستان میں ہر بیماری کا سبب بنا،اگر یہ شخص مزید ملک پر مسلط رہا تو ملک تباہ ہو جائے گا، پاکستان کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ

نئے انتخابات ہیں، ملکی بحران جاری رہا تو 2023ء میں منتخب ہونے والی حکومت اپوزیشن میں بیٹھنے کو ترجیح دے گی، عمران خان کی حکومت نے الیکشن کمیشن نیب اور پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔میڈیاسےگفتگو کرتےہوئےاحسن اقبال نےکہاکہ عمران خان نیازی کی حکومت نےایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری بنایاہوا ہے، تحریک انصاف کی حکومت سٹیٹ بینک مالیاتی ادارے کو بھی اب گروی رکھ کر اسے آئی ایم ایف کا ذیلی ادارہ بنانے جا رہی ہےاور اب فیصلے اسلام آباد کی بجاے آئی ایم ایف کے بابو کرتے ہوئے نظر آئیں گے،پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسیاں اب اسلام آباد کی بجائے واشنگٹن میں بنا کریں گی، آج پاکستان کی بربادی کی ایک اہم وجہ کہ اس حکومت نے معاشی ترقی کو کریش کر دیا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان حکومت نے گیم چینجر منصوبہ سی پیک کو بھی تباہ کر دیا ہے، 2018 کے انتخابات کی وجہ سے آج چین اور ایران کے درمیان 400 ارب ڈالر کا معاہدہ طے ہو گیا ہے، تین سال گزرنے کے بعد حکومت نے ملک کا جو حال کیا ہے اس سے سکیورٹی خطرات بڑھ گئے ہیں، حکومت حواس باختہ ہو کر ملکی ادارے تباہ کر رہی ہے ، سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے 58 ہزار نمائندوں کو نئی زندگی دی ، حکومت پنجاب مسلسل بلدیاتی اداروں کی بحالی میں روڑے اٹکا رہی ہے، پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے ،حکومت پنجاب نے اگر فورا اپنے غیر قانونی غیر آئینی اقدامات واپس نہ لئے تو پھر سپریم کورٹ جائیں گے ۔

close