پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد، بڑے دھرنے کا اعلان کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) پیٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں گزشتہ ماہ اضافہ کی وجہ سے پہلے ہی عوام پریشان تھے کہ حکومت نے یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں دوبارہ اضافہ کر کے نئی مصیبت کھڑی کر دی ہے، ٹرانسپورٹرز مخالف پالیسی کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز نے بڑے دھرنے کا اعلان کر دیا

ہے، تفصیلات کے مطابق منی مزدا ایسوسی ایشن کل بابو صابو چوک میں احتجاجی دھرنا دیگی، پنجاب بھر سے قافلے آج رات بابو صابو پہنچیں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔ پنجاب بھر سے گڈز ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد آج احتجاجی دھرنے میں شریک ہوگی، ٹرانسپورٹرز کے قافلے بابو صابو مرکزی دفتر پہنچنا شروع ہوگئےہیں، سٹیج کی تیاری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر علی کا کہنا ہے کہ غیر معینہ مدت کیلئے احتجاجی دھرنا بابو صابو چوک میں دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہمیں نا منظور ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کسٹم ،پولیس اورمحکمہ ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔مرکزی جنرل سیکرٹری تنویر احمد جٹ کا کہنا ہے کہ حکومت وقت ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ، حکومت کی اداروں پر رٹ بھی دکھائی نہیں دے رہی ، پنجاب بھر سے ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد آج لاہور پہنچ رہی ہے کل صبح احتجاجی دھرنا دیا جائیگا۔خیال رہے کہ نئے سال کے شروع ہوتے ہی حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا تھا جسے عوام نے مسترد کر دیا تھا، لیکن عوام کی مصیبت کو کم کرنے کے بجائے حکومت نے ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

close