کورونا وائرس کا خطرہ ٹل گیا؟ عوامی مقامات پر پابندیا ں ہٹا دی گئیں

کراچی (پی این آئی) شاپنگ مالز کیلئے تمام کرونا پابندیاں ختم، سندھ حکومت نے شاپنگ مالز بنا کسی روک ٹوک کے پورا ہفتہ کھلے رکھنے کی اجازت دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کرونا وائرس پھیلاو کے باوجود دارالحکومت کراچی سمیت پورے صوبے میں شاپنگ مالز کو بنا کسی روک

ٹوک کے کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں شاپنگ مالز کی ہفتہ وار بندش ختم کر دی ۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق اب شاپنگ مالز پورا ہفتہ بنا کسی روک ٹوک کے کھولے جا سکتے ہیں۔ تاہم شاپنگ مالز میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل در آمد کرنا ہوگا۔ جبکہ کرونا ہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں واقع شاپنگ مالز پر ہفتہ وار بندش کی پابندی برقرار رہے گی۔دوسری جانب صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 مریض انتقال کرگئے جبکہ 748 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور943 افراد صحتیاب ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں6651نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 748 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا 11.2 فیصد ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 3875ہوگئی۔صوبے میں اب تک2626359 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے اور 239934کیسز سامنے آ چکے۔ صوبے میں صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد217863 ہوچکی ہے جو کہ بحالی کی شرح کا 91 فیصد ہے۔صوبے میں اس وقت18196 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے17222 گھروں میں ،13آئسولیشن سینٹرز میں اور961مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ 874مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے84 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔748 نئے کیسز میں سے573 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 186، ضلع جنوبی 176، ضلع وسطی اور کورنگی 74۔ 74، ملیر 43، اور ضلع غربی میں سے 20 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اسی طرح حیدرآباد 5، بدین اور لاڑکانہ 4۔ 4،جامشورو3، سکھر، جیکب آباد اور خیرپور 2۔ 2،سانگھڑ،ٹنڈو الہیار،ٹھٹھہ، شہید بے نظیر آباد، گھوٹکی اور میرپورخاص سے 1۔ 1 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔

close