وفاقی بجٹ کس تاریخ کو پیش کیا جائیگا؟ بجٹ سے پہلے ہی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا امکان

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزارت خزانہ نے وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کا اعلان کردیا، بجٹ2021-22 کے کیلنڈر کے تحت جاری اور ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 15 مارچ تک پیش کیا جائے گا۔ بجٹ اسٹریٹجی پیپر مارچ کے دوسرے ہفتے میں تیار کیا جائے گا، جبکہ وزارتیں اور محکمے 20

مئی تک ترقیاتی بجٹ پیش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے بجٹ 2021-22 کا کیلنڈر جاری کردیا ہے۔جس کے تحت وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا۔ جاری اور ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 15 مارچ تک پیش کیا جائے گا۔ بجٹ اسٹریٹجی پیپر مارچ کے دوسرے ہفتے میں تیار کیا جائے گا۔ بجٹ اسٹریٹجی پیپر اپریل کے پہلے ہفتے میں کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس اپریل میں ہوگا۔ بتایا گیا کہ وزارتیں اور محکمے 10 سے 20 مئی کے دوران ترقیاتی بجٹ پیش کریں گے۔مئی کے آخر میں بجٹ دستاویزات کو حتمی شکل دی جائے گی۔وفاقی کابینہ اورپارلیمنٹ میں بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش ہوگا۔واضح رہے تحریک انصاف کی حکومت رواں سال تیسرا بجٹ پیش کرے گی، حکومت اور عوام کو بجٹ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، خاص طور تنخواہ دار طبقہ جن کی پچھلے بجٹ میں تنخواہیں نہیں بڑھائی گئی تھیں، ان کو امید ہے کہ وفاقی حکومت رواں برس بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے ریلیف دے گی۔دوسری جانب امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آئندہ سال کے بجٹ سے قبل ہی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کردیا جائے گا۔ کچھ ہفتے قبل ملک بھر کے سرکاری ملازمین نے رواں مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کیے جانے کے بعد پارلیمنٹ ہاوس کے باہر دھرنا دیا تھا۔ سرکاری ملازمین نے مطالبہ کیا تھا کہ معاشی حالات بہت خراب ہو چکے، لہذا تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی، جس کے بعد احتجاج کی کال 12 جنوری تک موخر کر دی گئی تھی۔

close