پاکستانیوں کو عمرہ کی اجازت کب سے ملے گی؟ خوشخبری سنا دی گئی

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب نے سات ماہ کی بندش کے بعد حرمین شریفین کے دروازے عمرہ زائرین کے لیے کھول دیئے ہیں۔ جس کے بعد روزانہ ہزاروں افراد عمرے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں تاہم فی الحال عمرہ کی سروس مملکت میں مقیم مقامی اور غیر ملکی افراد تک ہی محدود رکھی گئی ہے۔ گزشتہ سال

18 لاکھ پاکستانیوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی مگر اس سال سفری پابندیوں کی وجہ سے چند ہزار پاکستانیوں کو ہی یہ سعادت نصیب ہو سکی ہے۔لاکھوں پاکستانی عمرہ اور زیارت کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ سعودی نائب وزیر حج عبدالفتاح المشاط نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ویزے کے اجرا کے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے۔ المشاط نے کہا کہ محدود عمرہ پروگرام کے تیسرے مرحلے سے قبل وزارت صحت کے ساتھ تعاون سے بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے عمرہ ویزے کا طریقہ کار جاری کیا جائے گا۔سعودی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کے تعاون سے ہی ان ملکوں کی فہرست ترتیب دی جائے گی جہاں کے شہریوں کے لیے عمرہ ویزے جاری ہوں گے۔ عمرہ زائرین کی تعداد کا تعین بھی وزارت صحت سے مل کر کیا جائے گا۔نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ عمرہ ویزے کا سارا کام ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے ہوگا۔ اعتمرنا ایپ کا دائرہ عمرہ اجازت ناموں کے اجرا تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مستقبل میں اس ایپ کے ذریعے ہی مکہ اور مدینہ میں ہوٹل سروس سمیت جملہ خدمات کا تعین کیا جائے گا۔نائب وزیر حج نے بتایا کہ اب تک اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ و زیارت کے ایک لاکھ 84 ہزار اجازت نامے جاری ہوچکے ہیں۔ وقت کے ساتھ مرحلہ وار عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کی وبا کے باعث عمرے کی عارضی معطلی کے سات ماہ بعد مسجد الحرام میں عمرے کی ادائیگی کا آغاز کیا گیا ہے۔

close