پاکستان کی مسلح افواج کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے اندرونی استحکام کی ضامن ہیں، ان کے خلاف ہر زا سرائی کرنے والوں کے خلاف پوری قوت سے لڑیں گے، سردار عتیق احمد خان

مظفرآباد/راولپنڈی (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام ہمارے لئے قابل احترام ہیں لیکن کسی طعنہ آزما کو پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشوں کی اجازت نہیں جا سکتی، مسلح افواج پاکستان کشمیر کی

آزادی اور پاکستان کے اندرونی استحکام کی ضامن ہیں، ان کے خلاف ہر زا سرائی کرنے والوں کے خلاف پوری قوت سے لڑیں گے، جو خواتین اور مرد حضرات مسلم لیگ نواز اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو کر مسلم کانفرنس میں شامل ہورہے ہیں ان کو بھرپور عزت و احترام دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل میں معروف سیاسی و سماجی رہنماء مسلم لیگ ن شعبہ خواتین کی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل گلنار اقبال ودیگر خواتین کی شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سردار عتیق احمد نے کہا کہ ہندوستان کی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کا قتل عام کررہی ہے ہندوستان کی دس لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا کھیل کھیلنے میں مصروف پاکستانی فوج کشمیریوں کا دفاع کررہی ہے، ہندوستان کے قدم کسی سیاستدان نے نہیں بلکہ مسلح افواج پاکستان نے روک رکھے ہیں، کشمیر کے لوگوں کا ہی نہیں بلکہ چاروں صوبوں کا دفاع کررہے ہیں، فوج مخالفت بیانیہ قبول نہیں کیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر کا نوجوان پاکستان کا پرچم اٹھاکر کشمیر بنے گا پاکستان نعرہ لگاتے ہیں اس سے ہندوستان کو تکلیف ہوتی ہے، افواج پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، تحریک آزادی اور الحاق پاکستان کے لئے مسلم کانفرنس اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ خواتین آج بھی تحریک آزادی میں بے مثال کردار ادا کررہی ہیں آج خواتین ہندوستانی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہی ہیں، ان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ حق خودارادیت کا مطالبہ کررہی ہیں، وہ دلیرانہ اور بہادر بچوں کی مائیں ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے رشتوں کو کمزور کرنے کی کوشش ناکامی سے دوچار ہونگی۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے والی رہنماء گلنار اقبال نے اپنی ساتھی خواتین سمیت آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس میں شامل ہونے کے اعلان کیا، اس موقع پر عید النساء، سردار عظمت ظفر، منیبہ یوسف، فہمیدہ باجی، فریال سفیر، شاہینہ بانی، مظلوم باجی، نسیم اجمل، مسرت نذیر، یاسمین افضل، پیاری جان، نازیہ عاصم، فہمیدہ ضمیر نے بھی مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا اس موقع پر گلنار اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج خوشی محسوس کرتی ہیں کہ وہ ریاستی جماعت میں شامل ہوئیں، 15 سال سے مسلم لیگ نواز سے وابستہ رہی لیکن مسلم لیگ ن کی قیادت نے کارکنوں کو مایوس کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیانیہ جاری کرتے ہیں جو کہ انتہائی افسوس عمل ہے، پاک فوج ہماراملک کی ناقابل تسخیر دفاع کی ضامن ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں رہ کر اس چیز کا اندازہ ہوا کہ مسلم کانفرنس کا نظریہ ہی وحدت کشمیر کی بحالی، غیرت و اہمیت کا اصل ہے، مرحوم مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کے نظریات و افکار سرپرست اعلیٰ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی صورت میں اور مسلم کانفرنس کے افکار و نظریات کی صورت میں زندہ ہیں انہوں نے کہا جس طرح شہید کبھی مرتے نہیں اسی طرح کسی بھی پارٹی کے نظریات و افکار ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ہمارے لئے سردار عبدالقیوم خان زندہ و جاوید ہیں، اس موقع پر سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس محترمہ مہرالنساء، شعبہ خواتین کی چیئرپرسن افشاں سعید چوہدری ایڈووکیٹ، وائس چیئرپرسن پونچھ ڈویژن مسلم کانفرنس ریحانہ خان، مجلس عاملہ کی ممبر محترمہ شہناز خان، سلمی کاظمی بھی موجود تھیں، اس موقع پر نئے شامل ہونے والی خواتین کو قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان، سیکرٹری جنرل مہرالنساء ودیگر نے ہار پہنا کر خوش آمدید کہا اور جب سردار عتیق احمد خان نے تقریب میں پہنچے تو ان کاشاندار استقبال کیا گیا۔۔۔۔

close