بارشیں ابھی تھمی ہیں ختم نہیں ہونیوالی کیونکہ۔۔۔ محکمہ موسمیات نے پیشگی خبر دار کر دیا

لاہور (پی این آئی ) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم ابر آلود رہنے اور کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہا گزشتہ روز کی بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے

موسم میں خوشگواری برقرار رہی۔ جس کے نیتجے میں ہفتے کے روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر اتھارٹی نے مون سون کی حالیہ بارشوں کے باعث پہنچنے والے جانی نقصانات کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے۔ جس کے مطابق مون سون کی حالیہ بارشوں کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 102 اموات ہوئی اور280 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق زخمی افراد میں سے 111 افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ 167 افراد کے شدید زخمی ہونے پر انہیں طبی امداد کے لئے مختلف ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 15 افراد کی موت لاہور میں واقع ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب بھر میں چھتیں گرنے دیواریں گرنے اور بجلی کے کرنٹ لگنے کے 122 واقعات رونما ہوئے جبکہ انسانی زندگیوں کو سب سے زیادہ نقصان پنجاب کے 3 اضلاع لاہور، چکوال اور لودھراں میں ہوا ہے۔

close