پنجاب بھر میں اسکول کھول سکتے ہیں، وزیر تعلیم مراد راس نے مشروط اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)پنجاب بھر میں اسکول کھول سکتے ہیں،وزیر تعلیم مراد راس نے مشروط اعلان کر دیا، وزیر اسکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہےکہ حالات ٹھیک رہے تو 15 ستمبر 2020ء سے صوبے بھر میں اسکولز کھول دئیے جائیں گے، جبکہ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے وزرائے تعلیم

کانفرنس کا اعلامیہ مسترد کردیا۔ کہتے ہیں اگر حکومت نے 15 اگست تک تعلیمی ادارے نہ کھولے تو وہ خود کھول لیں گے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر ِصدارت انٹر پراونشل آن لائن ویڈیو کانفرنس میں تمام صوبوں کے وزراء اور سیکرٹری تعلیم نے اہم مسائل پر مشاورت کی۔وزیر اسکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے حالات بہتر ہونے پر 15 ستمبر سے پنجاب کے اسکول کھول دیے جائیں گے۔ جب تک طلباء اور اساتذہ کو خطرہ لاحق ہے اسکولز کھولنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اسکولز کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز پر کام مکمل ہے۔آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے ایک بیان میں حکومتی فیصلے کو رد کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ حکومت 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھول دے بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ اسکولز کھولنے والے اداروں کو قانونی تحفظ دینے کے لیے لیگل سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

close