تمام سرکاری و نجی ہسپتال ایمرجنسی اور او پی ڈیز کھول دیں، سندھ ہائی کورٹ نے حکم جاری کر دیا

کراچی (پی این آئی)تمام سرکاری و نجی ہسپتال ایمرجنسی اور او پی ڈیز کھول دیں، سندھ ہائی کورٹ نے حکم جاری کر دیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے مریضوں کو درپیش مشکلات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا ہے کہ غریب شہری بیماری کی حالت میں سرکاری اسپتال کا رخ

کرتے ہیں جناح اسپتال کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کیا کررہی ہیں کیا ان میں اسپتال چلانے کی صلاحیت نہیں؟ جسٹس مظہر نے اسپتالوں میں داخلے سے قبل عام مریضوں کا کورونا ٹیسٹ کرانے کی پالیسی کے خلاف درخواست پر تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ، اوپی ڈی فوری کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سی ای او ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے آغا خان اسپتال، ساوتھ سٹی, ضیا الدین اسپتال، جناح، سول، عباسی اور دیگر سرکاری اسپتال انتظامیہ سے بھی تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ مریضوں کا علاج نہ کرنے والے اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی، بتایا جائے او پی ڈی اور ایمرجنسی وارڈ میں کس طرح مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے، کیا دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا پہلے کرونا ٹیسٹ ضروری ہے؟ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اگر غریبوں کا علاج سرکاری اسپتالوں میں نہیں ہوگا تو یہ انتہائی غیر مناسب بات ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نجی و سرکاری اسپتال دیگر امراض کے مریضوں کو پہلے کورونا ٹیسٹ کا کہا جا رہا ہے، کورونا کی رپورٹ میں تاخیر کی وجہ سے ہارٹ اٹیک کے مریض مررہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست پر تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ، اوپی ڈی فوری کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

close