شہریوں نے لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکوؤں کی درگت بنا ڈالی، پولیس نے پہنچ کر جان بچائی

کراچی (پی این آئی) شہر قائد کراچی کے علاقے کورنگی میں لوٹ مار کی ایک واردات کے دوران نہتے شہریوں نے 2 ملزمان کو پکڑ کر درگت بنا ڈالی، بعد میں پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔ کورنگی کے علاقے کے ایس ایس پی فیصل بشیر میمن کا کہنا ہے کہ کورنگی نمبر ڈھائی میں چنیوٹ اسپتال کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان کو علاقہ مکینوں نے پکڑ لیا۔

پکڑے گئے ملزمان کو عوام کے ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے دونوں زخمی ملزمان کی ہجوم سے جان بچاتے ہوئے انہیں حراست میں لے کر جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے زمہ دار افسر فیصل بشیر میمن کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق سندھ کے علاقے کشمور سے ہے جو چنیوٹ ہسپتال کے قریب بس اسٹاپ پر شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ علاقہ مکینوں کے ہاتھوں پکڑے گئے۔ شہریوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے دونوں ملزمان کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔۔۔۔۔

close