جو بائیڈن عالمی تجارتی صورتحال متوازن کریں گے، دیگر ممالک سے سفارتی کشیدگی کم، وبا خاتمہ کے لئے تعاون بڑھے گا، شاہد رشید بٹ

اسلام آباد(پی این آئی) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، کرونا وائرس اور غذائی بحران نے عالمی تجارتی نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاتاہم نو منتخب امریکی صدر کے انتخاب کے بعد صورتحال بہتر ہو نے کا امکان ہے۔ٹرمپ کی پالیسیوں

نے امریکی ساکھ اور مفادات کو زبردست نقصان پہنچایا تاہم نئے صدر صورتحال کو نارمل کر نے کی کوشش کریں گے جس سے عالمی سیاسی وتجارتی استحکام بڑھے گا۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ نئے امریکی صدر یورپ کو دھمکانے کی پالیسی ختم کر کے تعلقات بڑھائیں گے، کئی ممالک سے سیاسی و سفارتی کشیدگی کم کریں گے اورتجارتی محاصل کو چین اوردیگر ممالک کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے میں احتیاط سے کام لینگے جس کے اثرات دنیا بھر میں محسوس کئے جائیں گے۔ عالمی جی ڈی پی میں چین کا حصہ اٹھارہ فیصد ہے جبکہ امریکہ کا حصہ جو کبھی پچاس فیصد تھا اب چودہ فیصد رہ گیا ہے جسے دوبارہ بڑھانے کے لئے تنازعات اور فوجی اقدامات کم کئے جائیں گے۔جو بائیڈن افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کی رفتار بڑھائیں گے جس سے اس خطے کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ وہ چین کے بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کو پسند نہیں کرتے تاہم کرونا وائرس کے خاتمہ اور ماحولیات کے شعبہ میں دونوں ممالک میں تعاون بڑھنے اور مابین فائیو جی، الیکٹرک کاروں، مصنوعی زہانت اور بایو ٹیکنالوجی وغیرہ کے شعبوں میں مسابقت جاری رہنے کا امکان ہے۔نئے امریکی صدر پاکستان سے تعلقات بہتر بنائیں گے اور فلسطین و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بھی بہتر ہو سکتی ہے جبکہ ایران سے کشیدگی کم ہو سکتی ہے تاہم سی پیک کے بارے میں امریکہ کے موقف میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔۔۔۔

close