اسلام آباد کے سیکٹر آئی 17 کو انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کیلئے مختص کیا جائے۔ محمد احمد وحید، صدر اسلام آباد چیمبر

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد کے سیکٹر آئی 17 کو انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کیلئے مختص کیا جائے۔ محمد احمد وحید، صدر اسلام آباد چیمبر ۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی سترہ کو دوبارہ اسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کیلئے مختص کیا جائے

جس سے علاقے میں صنعتی ترقی کو بہتر فروغ ملے اور روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہونے سے بے روزگاری کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قائم انڈسٹریل اسٹیٹس میں نئی انڈسٹری لگانے کی گنجائش نہیں رہی وزیراعظم عمران خان نے کنسٹریکشن انڈسٹری کو مراعات دینے کا اعلان کر رکھا ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کر کے ہی غربت و بے روزگار ی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ تقریبا 10سال پہلے اسلام آباد کے سیکٹر آئی سترہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس مقصد کیلئے مقامی افراد کو زمین کی قیمت بھی ادا کر دی گئی تھی لیکن بعض نامعلوم وجوہات کی بنا پر آئی سترہ سیکٹر کو انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے تاہم یہ اقدام وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں اور انڈسٹری لگانے میں دلچسپی رکھنے والوں کے ساتھ بہت زیادتی ہے۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ سی پیک کے تحت اسلام آباد میں بھی ایک انڈسٹریل زون قائم کرنے کی تجویز کی گئی ہے تاہم   سی ڈی اے نے بہانہ بنایا ہے کہ ان کے پاس اسلام آباد میں انڈسٹریل زون قائم کرنے کی جگہ نہیں ہے لیکن وفاقی حکومت پنجاب کو انڈسٹریل زون قائم کرنے کی ہدایت کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ انڈسٹریل سیکٹرز میں پلاٹ اتنے مہنگے ہو گئے ہیں کہ نئی انڈسٹری لگانے کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جس وجہ سے ان سیکٹرز میں نئی انڈسٹری لگانا نا ممکن ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے موجودہ انڈسٹریل سیکٹرز کی حالت بھی خستہ ہو چکی ہے جبکہ کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائنگل کئی سال کا عرصہ گزرنے کے باجود ابھی تک بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ انہوں نے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے سیکٹر آئی سترہ کو دوبارہ انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے مختص کریں اور اس کے قیام کیلئے آئندہ بجٹ میں فنڈز مخصوص کریں۔۔۔ 

close