مہنگائی کا نیا وار، آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جیکب آباد میں آٹے کی قیمتوں میں بھی اچانک نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، جس سے شہریوں پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔

جیکب آباد میں آٹے کی فی کلو قیمت 130 روپے سے بڑھ کر 150 روپے ہوگئی ہے، جبکہ 40 کلو آٹے کا تھیلا 4 ہزار روپے سے بڑھ کر 5 ہزار 500 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں فوری کمی لائی جائے اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔