کراچی (آئی این پی) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 5 فیصد کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے مقررہ مدت میں مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 8 اگست سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہمارے چند مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں اور ان پر عمل درآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات تاحال التوا کا شکار ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 40 دن کا وقت مانگا تھا، مقررہ مدت میں مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہوئی تو دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا راستہ اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔ دسمبر اور اگست کی ملک گیر ہڑتالوں کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز سے جو وعدے کیے تھے، ان پر بھی فوری اور مکمل عمل درآمد کیا جائے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ حکومت کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ گڈز ٹرانسپورٹرز مزید معاشی بوجھ برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔






