*ایف بی آر کا چھوٹی کنفیکشنری مصنوعات کی پیکنگ سے متعلق بڑا فیصلہ*
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے چھوٹی کنفیکشنری مصنوعات کی پیکنگ پر ریٹ اور سیلز ٹیکس کی پرنٹنگ کے قواعد میں مزید وضاحت جاری کر دی ہے۔
نئی ترامیم کے مطابق اب چاکلیٹس، کینڈیز، ٹافیز اور اسی طرح کی دیگر چھوٹی مصنوعات کے ہر ٹکڑے پر الگ الگ ریٹ اور سیلز ٹیکس لکھنا لازمی نہیں ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق اب 250 ٹکڑوں تک کی پیکنگ پر پیکج کی سطح پر ہی ریٹ اور سیلز ٹیکس درج یا ایمبوس کیا جا سکے گا۔ اس سے پہلے یہ سہولت صرف 100 ٹکڑوں تک کی پیکنگ کے لیے تھی۔
تاہم اس سہولت کے لیے کچھ شرائط رکھی گئی ہیں۔ پیکج میں شامل ہر ٹکڑے کی ریٹیل قیمت 10 روپے سے زیادہ اور وزن 10 گرام سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ یعنی 10 روپے تک قیمت اور 10 گرام تک وزن والی مصنوعات کو پیکج پر پرنٹنگ کی اجازت ہوگی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ وضاحت چھوٹی مصنوعات کے ہر ٹکڑے پر الگ پرنٹنگ میں آنے والی عملی مشکلات کو سامنے رکھ کر کی گئی ہے۔ البتہ پیکنگ پرنٹنگ یا ایمبوسنگ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی متعلقہ شرائط کی پابندی سے مشروط ہوگی۔






