پیٹرولیم مصنوعات کی قلت نہیں، وافر ذخائر موجود ہیں: احد چیمہ
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ایندھن کی کسی قسم کی قلت نہیں ہے۔ ان کی زیر صدارت گندم اور پیٹرولیم مصنوعات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبوں میں گندم کی طلب و رسد، پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ممکنہ ذخیرہ اندوزی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹریز کو ذخیرہ اندوزی میں ملوث پیٹرول پمپس اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی میں تعاون کی ہدایت کی گئی۔
احد چیمہ نے کہا کہ منافع خوری کے لیے مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جائز کاروبار کرنے والوں کو بلاوجہ تنگ نہیں کیا جائے گا، تاہم ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبوں میں گندم کی اضافی ضروریات کو پاسکو کے ذخائر سے پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام اور کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور گندم کی بلاتعطل فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






