مہنگائی کا نیا وار، ایل پی جی کی فی کلوکیا ؟عوام پریشان

لاہور میں ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل خودساختہ اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، سرکاری طور پر ایل پی جی کی قیمت 308 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود شہر بھر میں یہ 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جس سے سرکاری نرخ نامہ غیر مؤثر دکھائی دیتا ہے۔

 

شہریوں کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں قیمتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں اور بعض مقامات پر روزانہ 10 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اس صورتحال نے گھریلو صارفین کے لیے کھانا پکانا بھی مشکل بنا دیا ہے جبکہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر شدید مالی دباؤ پڑ رہا ہے۔

 

رکشہ ڈرائیورز نے بھی ایل پی جی کی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ان کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے آمدنی متاثر ہو رہی ہے اور روزگار کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

 

دکانداروں کی جانب سے من مانے نرخ وصول کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں جبکہ شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close