کاروباری طبقے کی خوشیاں دوبالا ، وزیراعظم نے بڑا ریلیف پیکج دیدیا

 کاروباری طبقے کیلئے بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے حکومت نے دکانوں اور مارکیٹس کے اوقاتِ کار سے متعلق پابندیوں میں عارضی نرمی کر دی ہے، جس سے تاجروں اور صارفین دونوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

شہباز شریف  کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے تمام دکانوں، بازاروں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز کو 31 مئی تک اوقاتِ کار کی پابندی سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ بیکریاں، تندور، ریسٹورنٹس اور کریانہ اسٹورز بھی اس رعایت میں شامل ہیں، جبکہ 6 اپریل کے نوٹیفکیشن کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب اس سے قبل اسلام آباد میں کاروباری اوقات کار میں تبدیلی سے متعلق زیر گردش نوٹیفکیشن کو ضلعی انتظامیہ نے جعلی قرار دیا تھا۔ ترجمان کے مطابق شہر میں اوقات کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور کفایت شعاری مہم کے تحت موجودہ شیڈول برقرار رہے گا۔

ادھرشہباز شریف نے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے، جس میں آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو رواں مالی سال کے ترقیاتی اخراجات پر بریفنگ دی جائے گی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خطے کی صورتحال کے باعث پیٹرول سبسڈی فراہم کرنے کیلئے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی گئی، جس کے بعد وفاقی ترقیاتی پروگرام کا حجم کم ہو کر 837 ارب روپے رہ گیا، جبکہ اس سے قبل یہ ایک ہزار 10 ارب روپے تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close