10 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو سیل کردیا گیا، ان سوسائٹیز کے خلاف متعدد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جہاں نقشے کی منظوری کے بغیر کام کیا جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف ایک بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 سوسائٹیز کو سیل کر دیا ہے۔
اس آپریشن میں ضلع کونسل، ڈسٹرکٹ پولیس اور پیرا فورس نے بھرپور حصہ لیا جبکہ آپریشن کے دوران ایک نامور سیاسی شخصیت کے بھائی کی مداخلت اور انتظامیہ کے ساتھ تلخ کلامی کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آگئی ہے۔
چیف آفیسر ضلع کونسل اشفاق وڑائچ نے بتایا کہ سوسائٹی مالکان نے زمین کے صرف ایک چھوٹے حصے کا این او سی حاصل کر رکھا تھا لیکن وہ بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات اور پلاٹوں کی فروخت میں مصروف تھے۔
انتظامیہ کا موقف ہے کہ ان سوسائٹیز کے خلاف متعدد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جہاں نقشے کی منظوری کے بغیر کام کیا جا رہا تھا۔
آپریشن کے دوران اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک سیل کی جانے والی سوسائٹی کے مالک نے مزاحمت کی اور بتایا گیا ہے کہ اس سوسائٹی کو ایک ماہ قبل ایک اہم سیاسی شخصیت کے بھائی نے خریدا تھا۔
منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو میں سیاسی شخصیت کے بھائی کو یہ دعویٰ کرتے سنا جا سکتا ہے کہ “یہ سوسائٹی ہماری ہے اور اسے حال ہی میں خریدا گیا ہے”۔ تاہم انتظامیہ نے واضح کیا کہ ملکیت جو بھی ہو، قانونی تقاضے پورے نہ ہونے پر کارروائی نہیں رکے گی۔
چیف آفیسر اشفاق وڑائچ نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف آپریشن کسی دباؤ کے بغیر بلا امتیاز جاری رہے گا
۔ انہوں نے شہریوں کو بھی خبردار کیا کہ وہ کسی بھی سوسائٹی میں سرمایہ کاری سے قبل اس کے قانونی کاغذات اور این او سی کی تصدیق لازمی کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





