بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں کتنا اضافہ ہونے والا ہے؟ ملازمین کے لئے اہم خبر

آئندہ بجٹ میں تنخواہوں اور پینشن میں اضافے کے حوالے سے سرکاری ملازمین کے لئے اہم خبر آگئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، جس میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کے لیے مالی ریلیف کی قوی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ حکومت تنخواہوں اور پنشن میں نمایاں اضافے پر غور کر رہی ہے، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی جبکہپ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجاویز ابھی زیرِ غور ہیں اور حتمی فیصلہ ملک کی مالیاتی صورتحال اور ریونیو کے اہداف کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا، فی الحال حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے تازہ ترین اعداد و شمار کے تحت اپریل 2026 میں مہنگائی کی شرح 10.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو وزارتِ خزانہ کے لگائے گئے 8 سے 9 فیصد کے تخمینے سے کہیں زیادہ ہے۔

مارچ میں مہنگائی کی شرح 7.3 فیصد تھی، جو اپریل میں تیزی سے بڑھی جبکہ شہری علاقوں میں مہنگائی 11.1 فیصد اور دیہی علاقوں میں 10.6 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

مہنگائی کے اس حالیہ اضافے اور زندگی گزارنے کی بڑھتی ہوئی لاگت کے پیشِ نظر، تنخواہ دار طبقہ بجٹ میں بڑے ریلیف کا منتظر ہے، اگر حکومت ان تجاویز کی منظوری دے دیتی ہے، تو اس سے ملک بھر کے ہزاروں ملازمین اور پنشنرز کو مالی دباؤ سے نکلنے میں مدد ملے گی۔

حتمی فیصلے کا اعلان وفاقی بجٹ کی پیشکش کے دوران کیا جائے گا، جہاں حکومت اپنی جامع معاشی حکمتِ عملی اور ریلیف پیکج کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھے گی

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close