1 سے 5 مئی تک پمپس بند رکھنے کے حوالے سے آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا اہم بیان سامنے آگیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ملک بھر میں 1 سے 5 مئی تک پیٹرول پمپس بند رہیں گے، ان خبروں کی وجہ سے عوام تذبذب کا شکار ہیں۔
تاہم، اب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ہڑتال کی خبروں کی تردید کی گئی۔
ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے واضح کیا کہ 1 سے 5 مئی تک ہڑتال کی افواہ بے بنیاد ہے، ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
اوگرا کا مؤقف
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پیٹرول ڈیلرز کی ہڑتال کی خبریں بے بنیاد ہیں، سوشل میڈیا پر پمپس کی بندش کی خبروں میں صداقت نہیں۔
اوگرا نے کہا کہ کسی بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا، ملک بھر میں مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کا مؤقف
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے بھی پیٹرول پمپس بند ہونے کی افواہیں مسترد کر دیں۔ اس نے کہا کہ سوشل میڈیا پر 5 دن پمپس بندش کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
کونسل نے کہا کہ ملک میں 28 دن کا پیٹرول اور 34 دن کا ڈیزل ذخیرہ موجود ہے، تمام پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، صارفین کو بلاتعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہے گی۔
مزید کہا گیا کہ عوام سے سوشل میڈیا کی منفی مہم پر کان نہ دھرنے کی اپیل ہے، شرپسند عناصر جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






