لیسکو میں نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کے تحت منظور شدہ متعدد کنکشنز کے لائسنس کی مدت ختم ہونے کے بعد اہم تبدیلیاں سامنے آ گئی ہیں.
ذرائع کے مطابق سات سال قبل نصب ہونے والے سولر سسٹمز پر جاری کیے گئے نیٹ میٹرنگ لائسنس اب ایکسپائر ہو چکے ہیں۔ اس کے نتیجے میں کمپنی نے لائسنس کی معیاد ختم ہونے پرصارفین کو بلوں میں ریلیف دینے کا سلسلہ بند کر دیا.
حکام کا کہنا ہے کہ اب 25 کلوواٹ سے زائد لوڈ رکھنے والے صارفین کو لائسنس کے حصول یا تجدید کیلئے نیپراء سے رجوع کرنا ہوگا۔ نئی پالیسی کے تحت لائسنس کی تجدید کے بعد صارفین کو نیٹ میٹرنگ کے بجائے “نیٹ بلنگ” سسٹم پر منتقل کر دیا جائے گا۔
نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت سولر صارفین کیلئے بجلی کی خرید و فروخت کا طریقہ کار تبدیل ہو جائے گا، جس کے باعث ان کی بچت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ لائسنس کی تجدید کیلئے صارفین کو متعلقہ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد نیپرا سے منظوری لینا ہوگی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 25 کلوواٹ سے زائد لوڈ پر لائسنس کی تجدید کیلئے ایک ہزار روپے فی کلوواٹ فیس مقرر کی گئی ہے۔ اگر کوئی صارف لائسنس کی تجدید نہیں کرواتا تو اس پر قومی ٹیرف نافذ کر دیا جائے گا اور پیک و آف پیک اوقات کی بنیاد پر بلنگ کی جائے گی۔ماہرین کے مطابق اس تبدیلی سے سولر صارفین کی لاگت اور بلنگ سٹرکچر میں نمایاں فرق آ سکتا ہے، اس لیے صارفین کو چاہیے کہ بروقت لائسنس کی تجدید کے عمل کو مکمل کریں تاکہ اضافی مالی بوجھ سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں