وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی ای بائیک پراجیکٹ شروع کرنے کی منظوری دے دی، جس سے ملازمین کو آسان اقساط پر برقی بائیکس مل سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کئی اہم منصوبوں کی اصولی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، اور شیخوپورہ سمیت دیگر اضلاع کو نئی بسیں دی جائیں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں ماہ 100 الیکٹرک بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی، جبکہ جون تک ان کی مجموعی تعداد 714 ہو جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے تحصیل کی سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کا جامع پلان بھی طلب کر لیا ، ہر ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کے چارجنگ اور دیکھ بھال کے لیے خصوصی بس ڈپو قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت اب تک 21 روٹس پر سوا لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور میٹرو بس اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ماحول دوست ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، پہلی ای ٹیکسی اسکیم کے تحت گاڑیاں مئی اور جون میں پہنچ جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی ای بائیک پراجیکٹ شروع کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے، جس سے ملازمین کو آسان اقساط پر برقی بائیکس مل سکیں گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جدید ٹرانسپورٹ کی فراہمی سے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





