بجلی بلوں کی ادائیگی سے متعلق بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

 وفاقی وزیر توانائی نے بجلی صارفین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا رواں سال جون کے بعد صارفین کو بجلی کے بلوں اور سسٹم کی تمام معلومات ایک مخصوص موبائل ایپ پر دستیاب ہوں گی۔

 

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے اے ایم آئی کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید میٹرنگ سسٹم کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے بتایا کہ آئیسکو کے 25 فیصد صارفین کے لیے اے ایم آئی میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں، جس کا بنیادی مقصد انسانی مداخلت کا خاتمہ اور اوور بلنگ جیسے دیرینہ مسائل پر قابو پانا ہے۔

انہوں نے خوشخبری سنائی کہ رواں سال جون کے بعد صارفین کو بجلی کے بلوں اور سسٹم کی تمام معلومات ایک مخصوص موبائل ایپ پر دستیاب ہوں گی، جبکہ ون لنک کے ذریعے بلوں کی ادائیگی کو بھی مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔

سردار اویس لغاری نے واضح کیا کہ ان جدید میٹرز میں بجلی چوری کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ایک جدید الارم سسٹم نصب ہے، جو کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی صورت میں فوری اطلاع دے گا۔

نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب صارفین کو نیٹ میٹرنگ کی سہولت حاصل کرنے کے لیے میٹر تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر نے ملک گیر منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد ہی ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا عمل شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے نہ صرف بلنگ کا عمل مؤثر ہوگا بلکہ بجلی کی تقسیم کے نظام میں نقصانات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close