موسم گرما شروع ہوتے ہی عوام پر بجلیاں گرانے کی تیاریاں

لاہور (پی این آئی) گرمیوں کے آغاز پر عوام پر نیا “بجلی بم” گرانے پر غور، گیس بھی مزید مہنگی ہونے کا امکان، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بجلی اور گیس کی سبسڈی محدود کرنے کی تجویز دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام پر مہنگائی کے متعدد بم گرانے پرغور شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق نئے مالی سال میں بجلی اور گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، بجٹ میں بجلی اور گیس کی سبسڈی محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے، نئے مالی سا ل میں نیپرا اور اوگرا کے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ بجٹ میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے ٹیکس آمدن بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے، اور بے نامی جائیداد کے خلاف ایکشن بڑھایا جائے گا، بجٹ میں تاجر دوست ایپ نہ رکھنے والوں کے خلاف ایکشن کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔ نئے مالی سال میں ترقیاتی بجٹ صرف تکمیل کے قریب منصوبوں کو دینے پر غور کیا جا رہا ہے، تمام وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کے آڈٹ کیے جائیں گے اور ان کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹ تیار کی جائے گی۔

بجٹ میں سرکاری اداروں کو محدود فنڈز دیے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے، نئے مالی سال میں ان اداروں کی نجکاری کا عمل بھی تیز کیا جائے گا جو خسارے میں جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف سے نیا قرض پروگرام حاصل کرنے کیلئے پہلے سے بھی زیادہ سخت شرائط کا سامنا کرنا پڑے گا۔ معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان کیلئے آئی ایم ایف سے نیا قرض پروگرام حاصل کرنا آسان نہیں ہو گا۔ حکومت کو بھی اس بات کا ادراک ہے، تاہم حکومت نئے قرض پروگرام کیلئے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنے کیلئے بھی تیار ہے۔

close