بلڈنگ میٹریل کی قیتمیں بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں

اسلام آباد (پی این آئی) فیصل آباد میں بلڈنگ میٹریل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، سیمنٹ،بجری،ریت،اینٹ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،غریب آدمی چھت کے سائے سے محروم ہوگیا۔ حکومت کی جانب سے بلڈنگ میٹریل کی قیمتوں کنٹرول نہ ہونے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں،تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عام آدمی کا گھر بنانے کا خواب ادھورا ہو کر رہ گیا ہے۔

مہنگائی میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے سیمنٹ کی بوری 1200روپے،سریا 270روپے فی کلو،اینٹ فی ہزار 15000روپے،بجری 125فی فٹ ریت کا ٹرالا 18000روپے کا ہوجانے سے غریب آدمی کا مکان بنانے اور چھت کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔ بلڈنگ میٹریل کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر لوگوں نے اپنے تعمیراتی کام رکوا دئیے ہیں جس سے مزدور طبقہ بے روزگار ہو گیا ہے،مزدور نے اپنی دیہاڑی میں بھی اضافہ کردیا ہے اسی طرح راج گیر،مستری بھی منہ مانگی اجرت طلب کررہے ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بہانہ بناکر مقامی سیمنٹ ڈیلرز نے ایکا کرکے 1200 روپے فی بوری ریٹ مقرر کردیا ہے سیمنٹ کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ سے جہاں تعمیراتی کام بند ہو ئے ہیں وہاں مزدوروں کی ایک بہت بڑی تعداد بے روزگاری کا شکار ہوکر رہ گئی ہے،رائے ونڈ شہر میں بلڈنگ میٹریل ڈیلرز مافیا کا روپ دھا ر چکے ہیں۔

close