چین کے بینک نے کروڑوں ڈالرز جمع کروا دیئے، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کتنے ارب ڈالر ہو گئے؟

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ چین کے بینک نے 70کروڑ ڈالرز جمع کروادیئے جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لکھا کہ چائنا ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے بھیجے جانے والے 70کروڑ ڈالرز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ رقم چائنا ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے رول اوور معاہدے کے بعد موصول ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں پاکستان اور چین کے درمیان معاہدہ ہوچکا تھا۔ ذرائع کے مطابق رقم کی وصولی سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 4 ارب ڈالرز کے قریب پہنچ گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف سطح کے معاہدے اور پروگرام کے ٹریک پر آنے کے بعد مزید فنانسنگ ملے گی۔اس سے دو روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ چائنا ڈویلپمنٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کو 70کروڑ امریکی ڈالرز فنڈز بطور قرض دینے کی منظوری دے دی ہے جس کی بس رسمی کارروائی باقی ہے۔وزیرخزانہ نے لکھا تھا کہ یہ رقم اگلے ہفتے تک اسٹیٹ بینک کے اکائونٹ میں آجائے گی جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔

close