گھریلو صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی ہوگئی

اسلام آباد (پی این آئی) گھریلو صارفین کیلئے بجلی 7 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے نظر ثانی سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان کی منظوری دے دی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا پلان منظور کرلیا ہے جس کے تحت جون 2023 تک گھریلو صارفین کیلئے بجلی 7 روپے فی یونٹ تک مہنگی ہو گی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے نظر ثانی سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان کی منظوری دے دی ہے، مارچ 2023 سے برآمدی شعبے اور کسانوں کیلئے بجلی پر دی جانے والی سبسڈی ختم ہو گی جب کہ برآمدی شعبے کیلئے بجلی پر 12 روپے 13 پیسے فی یونٹ کی سبسڈی واپس ہوگی۔وفاقی کابینہ کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے متعلق ذرائع نے بتایا ہے کہ جون 2023 تک بجلی صارفین سے تقریبا 250 ارب روپے ریکور کئے جائیں گے، پلان کے تحت 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا سر چارج لگے گا، سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کی جائے گی۔دستیاب اعداد و شما رکے تحت جون میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 64 پیسے مہنگی ہوگی۔

ستمبر میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے98 پیسے مہنگی ہوگی،برآمدی شعبے اور کسانوں کیلئے سبسڈی ختم ہونے سے 65 ارب روپے حاصل ہوں گے، برآمدی شعبے کیلئے بجلی پر سبسڈی ختم ہونے سے 51 ارب روپے حاصل ہوں گے جب کہ کسان پیکچ کے تحت بجلی پر سبسڈی ختم ہونے سے 14 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق جون تک سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے سے 73 ارب روپے حاصل ہوں گے، سہہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ میں رواں ماہ بجلی 4 روپے 46 پیسے تک مہنگی ہو گی، فروری میں ٹیرف میں اوسطاً اضافہ 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ بنے گا جب کہ مارچ میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 69 پیسے مہنگی کی جائے گی۔

close