اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 6روپے کمی ہو گئی

اسلام آباد (پی این آئی )ملک میں دوسرے کاروباری روز کے دوران ڈالر کی قیمت اوپن مارکیٹ میں گر گئی ۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے قرضے کی منظوری کے باعث ڈالر کی قیمت کو ریورس گئیر لگ گیا ہے اوپن مارکیٹ میں 6 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں اڑان بھرتا امریکی ڈالر ایک بار پھر نیچے آنے لگا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں

امریکی ڈالر 2 روپے 42 پیسے کم ہونے کے بعد219 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض کی ادائیگی سے متعلق پروگرام کی منطوری دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے قرض کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ الحمداللہ ،آئی ایم ایف بورڈ نے توسیع فنڈ سہولت کی منظوری دے دی۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی ساتویں

اور آٹھویں قسط مل رہی ہے۔وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کا متعدد مشکل فیصلے لینے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، وزیراعظم کا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کو 1.17 ارب ڈالر کی 7 ویں اور 8 ویں قسط ملے گی۔ مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لیے سخت فیصلے کیے۔ آخر میں مفتاح اسماعیل نے قوم کو مبارکباد بھی دی۔

close