اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیو ں نے ایک ہی دن میں 57 ملین ڈالروطن بھیج کرنیاریکارڈ قائم کیا ہے، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں جمع کرائی جانےوالی رقوم 4.5 ارب ڈالر سےبڑھ گئی ہیں۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان اور وزیراعظم کے ٹویٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ایک ہی دن میں ریکارڈ57 ملین ڈالر پاکستان بھجوا نے پر بیرون ملک پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان سے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز ایک دن میں سب سے زیادہ 57 ملین ڈالر سٹیٹ بینک کو موصول ہوئے ہیں ۔ یہ رقم بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ایک دن میں بھجوائی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ رقم ہے ۔ایک دن میں آنے والی اس رقم کے بعد روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں جمع کرائی جانے والی رقوم کا حجم 4.5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سکیم کی مکمل حمایت اور سرپرستی کررہی ہے ۔
ایک دن میں ریکارڈ رقوم بھجوانے پر بیرون ملک پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کے دل پاکستان کی محبت میں دھڑکتے ہیں ۔ بیرون ملک پاکستانی غیرملکی زرمبادلہ کے ذریعے ہمیشہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور بہتری میں کردارادا کرتے ہیں ۔آپ سے وعدہ ہے کہ موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے نکل کر آپ کی امیدوں اور توقعات پر پورا اتریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مستقبل میں بھی پاکستان کی مدد اسی پرخلوص جذبے سے کرتے رہیں گے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے موجودہ حکومت متعدد اقدامات کررہی ہے ۔ ہم آپ کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کے لئے کوئی کسراٹھانہیں رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں