آزاد کشمیر، وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کا سرکاری دفاتر میں ایک ہفتے میں حاضری کا بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے کا حکم

مظفرآباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے سرکاری دفاتر میں نظم و نسق قائم کرنے اور اوقات کار کی پابندی یقینی بنانے ایک ہفتے کے اندر بائیومیٹرک نظام نصب کرنے اور اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔وزیراعظم کے احکامات پر فوری عمل درآمد کیلئےمحکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے

جس میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈویژنل ،ڈسٹرکٹ آفیسران دفتری اوقات کار کو یقینی بنائیں ،انتظامی و پولیس آفیسران ایک ہفتے کے اندر اپنے دفاتر میں بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب یقینی بنائیں ،بائیو میٹرک سسٹم میں وزیراعظم سیکرٹریٹ اور چیف سیکرٹری آفس کو رپورٹ کرنے کا طریقہ کار خودکار نظام میں موجود ہو گا ،تمام انتظامی و پولیس آفیسران ورکنگ ڈیز میں اپنے اسٹیشن پر موجود رہیں گے ،چھٹی کے استفادہ کیلیے بالا آفیسران کی تحریری اجازت سے اسٹیشن چھوڑنے کے مجاز ہونگے ،انتظامی و پولیس آفیسران الوداعی تقریبات کے اہتمام و شرکت سے پرہیز کریں گے اور کفایت شعاری و سادگی اپنائیں گے ۔سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیز کی تشکیل نو اور قوانین میں مناسب ترامیم کیلیے چیف سیکرٹری دس ایام میں جامع تجاویز اور رپورٹ پیش کریں گے ،محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایک ہفتے میں چیف سیکرٹری آفس ،منصوبہ بندی و ترقیات ،فنانس ،بورڈ آف ریونیو ،محکمہ قانون ،انصاف ،پارلیمانی امور و انسانی حقوق کو فائنل ٹریکنگ سسٹم اور فائلز کی الیکٹرانک ٹرانسمیشن کی سہولت کے ذریعے وزیراعظم سیکرٹریٹ سے منسلک کرنے کا پابند ہو گا۔۔۔۔

close