آ ٓزاد کشمیر ، پنچائیت،جرگہ سسٹم اور پرانا چوکیدارانہ نظام بحال کرنے کا فیصلہ

جہلم ویلی(آئی این پی)وزیراعظم آزادجموں وکشمیرسردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پنچائیت،جرگہ سسٹم اور پرانا چوکیدارانہ نظام بحال کرنے جا رہے ہیں،وزارتوں کوکارکردگی دکھانے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا ہے،جو کارکردگی نہیں د کھائے گا اسے تبدیل کیاجائے گا،صحافی بغیر بندوق کے مجاہد کا کردار ادا کرتے ہیں، عوام اور حکومت کے درمیان رابطے میں صحافت کا بنیادی کردار ہے،عوام کو کہانیاں نہیں سنائیں گے بلکہ اپنے اعلانات پر منشور کے مطابق عملدرآمد کر کے دیکھائیں گے۔

سائنسی علوم کے ساتھ سیرت النبی ؐ کو بھی لازمی قرار دی جائے گی، اپنے اصلاف کی روایات کو بھولنا نہیں ہے، جہلم ویلی انتہائی خوبصورت علاقہ ہے یہاں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے،چھوٹی صنعت کے فروغ کے لئے خصوصی پلان لا رہے ہیں، عوام الناس سے اپیل ہے کہ قدرتی ماحول کی حفاظت کریں، یہاں آنے والے سیاحوں سے اچھا برتاؤ رکھیں تاکہ وہ اچھا تاثر لیکر جائیں۔جہلم ویلی پریس کلب کی عمارت بھی تعمیر کریں گے، پریس فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کو مزید سہولیات فراہم کریں گے۔حکومت کو صحافیوں کی ضروریات کا احساس ہے، ان کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویرالیاس خان نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جہلم ویلی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی،پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی، سابق امیدوار اسمبلی تحریک انصاف سید ذیشان حیدر،رہنما پیپلز پارٹی صاحبزادہ اشفاق ظفر،میجر گلزمان سمیت صحافیوں و دیگر نے شرکت کی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اخبارات پر آیات ِ مقدسہ اور احادیث شائع نہ کی جائیں تاکہ اللہ اور رسول کریم ؐ کے کلام کی بے حرمتی سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز رضاکاروں پر مشتمل ایک ٹیم بنائیں، ان رضاکاروں کو کلین اینڈ گرین کشمیر مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ سڑکوں کی خفاظت کے لیے خصوصی شعبہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی کے علاقہ میں بڑی عظیم شخصیات گزری ہیں، راجہ حیدر خان، صاحبزادہ محمد اسحاق ظفر، منشی علی گوہرسمیت پیر سکندر شاہ صاحب جیسی بڑی شخصیات گزری ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے جامع کشمیر جہلم ویلی کیمپس کو سابق وزیر سیاسی و سماجی شخصیت علی خان چغتائی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ راجہ حیدر خان، صاحبزادہ اسحاق ظفر، کے ایچ خورشید اور چوہدری غلام عباس کے نام سے بھی ادارے یا سڑکوں منسوب کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے پریس کلب جہلم ویلی کے لیے 10لاکھ روپے کا اعلان کیا اور جہلم ویلی کے صحافیوں کی فلاح و بہبود علاج معالجہ کے لیے 8 لاکھ روپے جبکہ اپنی جیب سے 6 موٹر سائیکل دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جو سیرت النبی کے حوالہ سے سب سے بہترین کتاب لکھے گا،اسے ایک کروڑ تک انعام دیا جائے گا۔ نئی نسل کو سائنسی علوم کے ساتھ ساتھ سیرت النبی کی تعلیمات سے بھی آشنا ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں جس کی پیداوار سب سے زیادہ ہو گی اسے حکومت کی طرف سے 50لاکھ انعام دیا جائیگا تاکہ۔لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو۔ تحریک انصاف کے رہنما میجر گلزمان کو اس علاقے میں زراعت کی ترقی کے لیے انہیں ذمہ داریاں دے رہے ہیں۔۔۔۔۔

close