آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اور قائدین متحد ہو چکے ہیں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود

راولپنڈی (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادی کے بیس کیمپ کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنانے کے لئے آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اور قائدین اکٹھے ہو چکے ہیں۔ میں نے گزشتہ دنوں آزادی کے بیس کیمپ کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی جس میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں 24فروری کو اسلام آباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی منعقد کی جائے گی جو کہ اسلام آباد پریس کلب سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہو گی جہاں پر قائدین ریلی کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔

مسئلہ کشمیر اس وقت عالمی سطح پر ایک اہم موڑ میں داخل ہو چکا ہے انہوں نے راولپنڈی میں پارلیمانی سیکرٹری و ممبر قانون ساز اسمبلی جاوید بٹ کی طرف سے راولپنڈی پریس کلب میں اپنے اعزاز میں دئیے گے استقبالیہ کے موقع پر ایک جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ استقبالیہ جلسے کی صدارت پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ نے کی۔ جبکہ اس موقع پر جلسہ عام سے ممبر قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق، وزیر مال آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری اخلاق، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، سابق امیدوار اسمبلی ڈاکٹر نازیہ نیاز، سکینہ سدوزئی، نصراللہ جرال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس فیصلہ کن اہم موڑ پر ہم نے آزادی کے بیس کیمپ کی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی جس کے فیصلوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اُجاگر کرنے کے لئے24فروری کو اسلام آباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ ریلی اسلام آباد پریس کلب سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہو گی جہاں پر ریلی کے شرکاء سے کشمیری قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مہاجرین کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لئے ہم تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ اسی طرح خواتین جنہوں نے آزادکشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنانے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہم اُن کی ایڈجسٹمنٹ کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ ۔۔۔۔

close