صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا دھیر کوٹ میں بڑی استقبالیہ تقریب سے خطاب

دھیرکوٹ (پی این آئی) آزاد جموں کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست میں انتخابات میں کیے گے وعدے پورے کریں گے ۔دھیرکوٹ کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے۔ آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنائیں گے اور یہاں کرپشن اور تعصب کی سیاست کا خاتمہ اولین ترجیح ہو گی نیز عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ریاست جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دھیرکوٹ میں پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر خواتین ونگ کی مرکزی رہنما صبا شمشاد ایڈووکیٹ کی طرف سے ان کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب دھیرکوٹ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ان کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچاور کی گئیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں کارکنوں، آئی ایس ایف اور انصاف یوتھ کے نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ استقبال میں خواتین بھی بڑی تعداد میں موجود تھی ، صدر ریاست لوگوں میں گھل مل گئے۔ تقریب میں راجہ شمشاد خان,صبا شمشاد ایڈوکیٹ ،صدر تحصیل راجہ امتیاز ایڈوکیٹ ،راجہ شجاعت ،راجہ عنصر شفیق، راجہ افتخار افضل ،ساجد عباسی، راجہ پرویز اشرف ،راجہ خرم ،راجہ فدا حسین،تاجر رہنما راجہ سکندر ،راجہ کاشف شمشاد اور دیگر بھی موجود تھے۔ صدر ریاست نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے پہلے سے بڑھ کر کردار ادا کروں گا ۔ہیلتھ کارڈ کامیابی سے چل رہا ہے ،ریاست میں مزید بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وفاق کے عوامی فلاح و بہبود کے دیگر پروگرامز کو بھی آزاد کشمیر میں لانچ کیا جائے گا ۔جلد ہی بریفنگ لوں گا تاکہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے۔۔۔۔

close