مخالفین تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں عوامی سمندر کی شرکت سے حواس باختگی کا شکار ہو چکے ہیں، بیرسٹر سلطان محمود

میرپور (پی این آئی) آزادکشمیرکے سابق وزیراعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مخالفین پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر کی انتخابی مہم میں عوامی سمندر کی شرکت سے حواس باختگی کا شکار ہو چکے ہیں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کا دور حکومت تاریخ کا ناکام ترین دور تھا اس دور میں ریاست کے اندر علاقائی و قبیلائی تعصبات کو فروغ دے کر مثبت و تعمیری سوچ پر پہرہ لگا دیا گیا میرٹ کی دھجیاں اڑا کر ملازمتوں کو بااثر وزرا کے گھروں کی باندیاں بنا دیا گیا کمشن مافیا اور قبضہ مافیا کو حکومتی سرپرستی مل گئی نتیجے کے طور پر آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا پہیہ جام ہو کر رہ گیا پاکستان تحریک انصاف عوامی طاقت سے برسرِ اقتدار آ کر مسلم لیگ ن کے دور اقتدار کی تمام تر خرابیوں کو دور کر کے ریاست میں حقیقی معنوں میں عوامی و فلاحی حکومت کا قیام عمل میں لائے گی۔اوورسیز کشمیری اوورسیز کشمیری ریاست کے سفیر اور پہچان ہیں نئے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد قابل تحسین ہے آزاد کشمیر کے تقریباً ایک ملین کے لگ بھگ شہری یورپ اور بالخصوص برطانیہ میں آباد ہیں جبکہ پانچ لاکھ کے قریب مشرق وسطیٰ شمالی امریکہ اور کینیڈا میں بھی مستقل رہائش پذیر ہیں یا پھر بسلسلہ روزگار مقیم ہیں اور آزاد کشمیر ان کی ترسیلات زر سے مستفید ہوتا ہے۔حکومت اوورسیز کشمیریوں جو مستقل طور پر بیرون ملک آباد ہو چکے ہیں کی دوسری اور تیسری نسل کی ریاست جموں و کشمیر سے تعلق اور شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں اسٹیٹ سبجیکٹ جاری کرنے کے لیے قانون پہلوؤں کا جائزہ لے گی سرمایہ کاری بورڈ میں اوورسیز کشمیر کو نمائندگی دی جائے گی تاکہ وہ بیرون ملک سے خطے میں سرمایہ کاری لانے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔پاکستان تحریک انصاف برسر اقتدار آ کر ان کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گی اور ضروری قانون سازی کے ذریعے اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دے گی۔یورپ امریکہ اور مشرق وسطیٰ میں آباد کشمیری ریاست کے لیے گزشتہ کئی دہائیوں سے نہ صرف اپنی ترسیلات کے زریعے خدمت کر رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے میں ہراول دستے کا کردار بھی نبھا رہے ہیں ان کی شاندار خدمات کے عوض اسمبلی میں اوورسیز کشمیریوں کے لیے مزید تین نشستوں کا اضافہ کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انھوں نے چوہدری نے میر اعجاز کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ انتخابی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمیرپور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت میر اعجاز نے الیکشن میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی حمایت کا اعلان کر دیا باقاعدہ اعلان مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں کیا اس موقع پر رمضان دت نے بھی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی حمایت کا اعلان کیا۔تقریب سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری میر اعجاز شیخ ارشد برقی حاجی ادریس زرگر یاسین چوہان جبار منہاس اور دیگر نے خطاب کیا بعد ازاں مرزا ندیم حکیم محمد آصف راول اپنے کنبہ قبیلہ سمیت کھمبال سے مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو گئے شمولیت میں چوہدری محمد رمضان نکہ عبداللہ پور تھوتھال نے اہم کردار ادا کیا۔۔۔۔۔

close