مولوی محمد یوسف شاہ نے ڈوگرہ عہد میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے غاصب قوتوں کو للکارا، سردار عتیق احمد خان

مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ میر واعظ کشمیر مولوی محمد یوسف شاہ جیسے قومی مشاہیر اور راہنماؤں کی روشن کی ہوئی شمع آج کشمیری نوجوانوں نے تھام رکھی ہے اور اس شمع کو اپنی جانوں کی قیمت پر روشن اور فروزاں رکھے ہوئے ہیں۔میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ کی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میر واعظ گھرانے نے کشمیر میں اسلامی اقدار کے فروغ اور ریاست کے اسلامی تشخص کی بقاء وبحالی کے لیے تاریخ ساز کردار اداکیا ہے۔اس گھرانے کی سماجی خدمات بھی کسی طورپر نظر انداز کرنے کے قابل نہیں۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مولوی محمد یوسف شاہ نے ڈوگرہ عہد میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے غاصب قوتوں کو للکارا اور اسلامیان کشمیر کو نظریہ پاکستان کے ساتھ جوڑنے کا تاریخی کارنامہ سرانجام دیا۔اسی جدوجہد میں انہیں ہجرت بھی کرنا پڑی۔انہوں نے کہا کہ آج بھی میر واعظ گھرانہ سری نگر میں تحریک آزادی کی قیادت سنبھالے ہوئے ہے۔ہندوستان پوری قوت کے استعمال کے باوجود حق وصداقت کی آواز کو دبانے میں ناکام ہورہا ہے۔جامع مسجد سے بلند ہونے والی صدائیں ہندوستان کو للکار رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر مولوی محمد یوسف ایک عالم دین، سیاستدان، مفسرقرآن تھے۔ جنہوں نے کشمیری قوم کی سیاسی اور دینی راہنمائی کی۔میر واعظ مرحوم نے صدر آزادکشمیر کی حیثیت سے آزاد خطہ کی ابتدائی تعمیر وتشکیل میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔۔۔۔۔

close