آٹے کی قیمتیں بے قابو، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

مردان میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کو شدید پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 3650 سے 3700 روپے تک فروخت ہونے لگا، جبکہ بعض دکانداروں کی جانب سے کھلا آٹا 190 سے 200 روپے فی کلو فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مبینہ ناجائز منافع خوری پر عوامی و سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں شہریوں نے میڈیا کو بتایا کہ بعض دکانداروں نے کھلے آٹے کی قیمتیں اپنی مرضی سے مقرر کر رکھی ہیں اور فی کلو آٹا 190 سے 200 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ دکانداروں کے مطابق 20 کلو آٹے میں 2 کلو کم آٹا ہے، اسی وجہ سے وہ اسے 200 اور 190 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔

ایک طرف مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے تو دوسری جانب کاٹلنگ، رستم اور مردان کے شہری علاقوں، خاکسار منزل، بینک روڈ اور شمسی روڈ سمیت شہر اور دیہی علاقوں میں بعض دکاندار مبینہ طور پر من مانے نرخ وصول کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

شہریوں نے کمشنر مردان سید محمد علی شاہ، ڈپٹی کمشنر مردان شاہ سعود اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے، سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر آٹا فروخت کرنے والے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔