اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے خلائی مشن ’شینزو 24‘ پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلا میں روانگی کے تاریخی موقع پر پوری قوم اور خلائی تحقیقی ادارے ’سپارکو‘ (SUPARCO) کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے تہنیتی پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خلائی تحقیق اور مشترکہ سائنسی ترقی میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ چین کے شینزو 24 مشن کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ (Tiangong) پر جانے والے عملے کے پہلے بین الاقوامی رکن کے طور پر خلائی مدار میں داخل ہوں گے۔
نائب وزیراعظم نے اس تاریخی لمحے کو پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔ انھوں نے مشن میں شامل تمام خلا بازوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مشن کی کامیابی کی دعا کی اور پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔






