بھارت میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جگہ بنگلادیش کو شامل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے شرکت سے انکار کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن نے بنگلادیش کو دعوت دی تھی جسے اس نے قبول کر لیا ہے۔
ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارتی شہروں جالندھر اور موہالی میں کھیلا جائے گا، جس میں اب ملائیشیا، چین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا اور بنگلادیش شریک ہوں گے۔ منتظمین نے عمان کو متبادل ٹیم کے طور پر رکھا تھا اور اپ ڈیٹ ڈراز کا اعلان کل متوقع ہے۔
پی ایچ ایف نے سیکیورٹی خدشات اور پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارت ٹیم نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا اور اے ایچ ایف سے میچز غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کی تھی۔
صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کے مطابق یہ فیصلہ کھلاڑیوں اور حکام کی سلامتی، وقار اور فلاح کے لیے کیا گیا، تاہم پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور تمام ممالک بشمول بھارت کے خلاف کھیلنے کو تیار ہے۔






