وزیراعظم سے ملاقات کب ؟ حافظ نعیم نے بتا دیا

*حافظ نعیم کا کہنا ہے وزیراعظم سے ملاقات 2 روز میں متوقع*

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے رابطہ کیا ہے اور امید ہے آئندہ دو دنوں میں وزیراعظم سے ملاقات ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال وزیراعظم سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، معلوم نہیں کس ذرائع سے ملاقات کی خبریں چلائی گئیں۔

حافظ نعیم نے بتایا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ سے رابطہ کر کے یقین دلایا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات جلد متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں ملاقات ہو تو وزیراعظم لیوی ختم کرنے کی طرف جائیں، آئی ایم ایف سے بھی ملاقات ہو گئی ہے اب عوام کو ریلیف دینا چاہیے، 150 ارب روپے ماہانہ عوام سے پیٹرولیم لیوی لی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 اکتوبر کو چارسدہ میں جماعت اسلامی کا بڑا جلسہ ہے، وزیراعظم نے ریلیف نہ دیا تو ہم ملتان سے ہی مارچ کا آغاز کریں گے۔