اسلام آباد: لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں ریڈ زون کے قریب توسیع شدہ ریڈ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ریڈ زون جانے والے تمام 5 راستے مکمل طور پر بند کردیے جائیں گے، جبکہ پانچوں راستوں پر کنٹینرز کی 2،2 تہیں لگا کر بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایکسٹینڈڈ ریڈ زون کو سیل کرکے صرف ہنگامی حالات میں کھولا جائے گا۔
احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے آئی جیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں لانگ مارچ کو ہر صورت روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتظامات بھی تیز کردیے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں وفاقی پولیس کے افسران و اہلکاروں کی تمام نوعیت کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے چھٹیوں پر پابندی کا سرکلر جاری کردیا۔
اسلام آباد پولیس میں اتفاقی، استحقاقی اور بیرون ملک جانے کی چھٹی پر پابندی ہوگی۔ اسلام آباد پولیس کی چھٹیوں پر پابندی 5 اکتوبر 2026 تک برقرار رہے گی، جبکہ ہنگامی چھٹی کے علاوہ تمام چھٹیوں پر فوری طور پر پابندی رہے گی۔
چھٹی پر موجود افسران و اہلکاروں کو فوری طور پر ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





