پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) 27 اکتوبر سے لندن کے لیے اپنی براہ راست پروازوں کی تعداد ہفتہ وار چار سے بڑھا کر سات کر دے گی۔
نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتے میں پانچ جبکہ لاہور سے لندن کے لیے دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ پی آئی اے کے مطابق پروازوں میں اضافہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندی ختم کیے جانے کے بعد پی آئی اے نے گزشتہ سال اپنے برطانیہ آپریشنز بحال کیے تھے۔ مانچسٹر کے لیے پروازوں کی بحالی کے بعد رواں سال مارچ میں لندن کے لیے براہ راست پروازیں بھی دوبارہ شروع کی گئی تھیں۔






