جیگوار لینڈ روور کے لگژری برانڈ رینج روور نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی ہے، جس میں شاہانہ آسائش، طاقتور کارکردگی اور ماحول دوست برقی ٹیکنالوجی کو یکجا کیا گیا ہے۔
نئی گاڑی کی بڑے پیمانے پر پیداوار برطانیہ کے شہر سولہل میں کی جائے گی، جبکہ اس کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 70 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس منصوبے پر کام کرنے والے 10 ہزار 500 ملازمین کو اضافی تربیت فراہم کی گئی، جبکہ گاڑی کو انتہائی سخت آزمائشوں سے گزارا گیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی رینج روور کو مجموعی طور پر اتنے فاصلے تک آزمایا گیا جو دنیا کے گرد 38 مرتبہ سفر کرنے کے برابر ہے، جو کسی بھی سابقہ رینج روور کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
نئی گاڑی کا برقی نظام پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کے مقابلے میں ماحولیاتی اثرات کم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ خریداروں کے لیے گاڑی کی خصوصی تیاری اور آرائش کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جس میں مختلف رنگوں، سطحوں، کپڑوں اور اعلیٰ معیار کے مواد کے ساتھ اندرونی حصے پر ہاتھ سے نفیس سلائی بھی شامل ہے۔
رینج روور کے مینیجنگ ڈائریکٹر مارٹن لمپرٹ کے مطابق یہ گاڑی ایک دہائی پر محیط سوچ سمجھ کر کی جانے والی انجینئرنگ اور تکنیکی ترقی کا نتیجہ ہے۔






