لاہور جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ لگنے کے بعد حاملہ خواتین سمیت 70 افراد کو بحفاظت وارڈ سے باہر منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق آگ ایگزاسٹ فین سسٹم میں لگی، جس کے باعث گائنی وارڈ اور اس سے ملحقہ راہداری دھویں سے بھر گئی۔ دھویں کے باعث ایک سکیورٹی گارڈ کی طبیعت خراب ہوگئی، جسے فوری طور پر ایمرجنسی منتقل کرکے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق گارڈ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ اسپتال کے عملے کو دی جانے والی فائر سیفٹی تربیت اس موقع پر مؤثر ثابت ہوئی۔ تربیت یافتہ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائر ایکسٹنگوشرز کی مدد سے آگ پر قابو پالیا اور اس کے لیے کسی بیرونی امداد کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کسی شخص کو چوٹ نہیں آئی اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا۔ مریضوں اور بچوں کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔






