پاکستان میں آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کیا ہیں؟

پاکستان میں یکم ستمبر 2026 سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتیں نافذ ہوگئی ہیں۔ پیٹرول کی قیمت 77 پیسے اضافے کے بعد 342 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 3 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 370 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

حکومت نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور گزشتہ قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 12 مرتبہ کمی اور 16 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے، جبکہ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 مرتبہ کمی اور 18 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔